سقوط ڈھاکہ کا المناک سانحہ ہوس اقتدار پرپیش آیا:عامر حنیف
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )مرکزی انجمن تاجران کے صدر سابق حاجی عامر حنیف نے کہا ہے کہ سقوط ڈھاکہ کا المناک سانحہ بعض سیاستدانوں کی ہوس اقتدار اور منفی آمرانہ ہتھکنڈوں کے باعث پیش آیا تھا۔۔۔
جس کے نتیجہ میں ہمیں وطن عزیز کے ایک بازو سے محرو م ہونا پڑا لیکن یہ امر باعث افسوس ہے کہ 54سال کا طویل عرصہ گذرنے کے باوجود آج تک ہم نے مشرقی پاکستان کی علیحدگی کے عظیم سانحہ سے کوئی سبق حاصل نہیں کیا ،جو ایک قومی المیہ ہے ،‘‘ یوم سقوط ڈھاکہ’’ کے سلسلہ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلامی تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ طاغوتی طاقتیں ہمیشہ مسلمان سپہ سالاروں کا نام سن کر کانپ اٹھتی تھیں ،لیکن یہ امر نہایت غور طلب ہے کہ دنیا کی ایک عظیم اسلامی سلطنت کی افواج کو اپنے مخالفین کے آگے ہتھیار ڈالنے کے شرمناک سانحہ سے دوچار ہونا پڑا،جس کی بنیادی وجہ قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد سے رو گردانی ہے ،اگر وطن عزیز کے قیام کے بنیادی اسلامی نظریہ کو شروع ہی میں عملی جامہ پہنا دیا جاتا ،تو پوری قوم کو ‘‘سقوط ڈھاکہ’’ جیسا برا دن نہ دیکھنا پڑتا ،انہوں نے کہا کہ آج بھی بچے کھچے پاکستان کے خلاف اسلام دشمن قوتوں کے سازشی ہتھکنڈے تیزی سے جاری ہیں ،جن کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری قوم کو متحد ہو کر اپنی صفوں کو مضبوط بنانا ہو گا ۔