نڑوالا روڈ بائی پاس پر ریسکیو 1122 اسٹیشن کا افتتاح
فیصل آباد، پینسرہ،ٹھیکریوالا(سٹاف رپورٹر، نمائندگان دنیا)نڑوالا روڈ بائی پاس پر ریسکیو 1122 کے سب اسٹیشن کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ رانا ثنااللہ، ظفر اقبال ناگرہ، میاں اجمل آصف نے افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
مقامی عمائدین، سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد کے ساتھ ساتھ میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز عوامی فلاحی پراجیکٹس پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں اور عوام کوصحت کی سہولیات فراہم کرنا انکی اولین ترجیح ہے ۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نڑوالا روڈ پر ایمرجنسی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر امین پور بنگلہ سٹیشن کی تعمیر ناگزیر تھی۔ اس ضرورت کے پیش نظر سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے خصوصی کاوش کرتے ہوئے امین پور بنگلہ اسٹیشن کا قیام عمل میں لایا اور قلیل وقت میں اس کی تعمیر کا کام مکمل کرویا گیا۔ امین پور بنگلہ اسٹیشن کے فعال ہونے سے نہ صرف نڑوالا روڈ کے نواحی دیہاتوں میں ریسکیو سروسز کی فراہمی ممکن ہو سکے گی بلکہ بائی پاس روڈ پر بھی فوراً ایمرجنسی سروسز کی فراہمی بروقت میسر ہو گی۔ ریسکیو1122 کا تربیت یافتہ عملہ چوبیس گھنٹے ہمہ وقت خدمتِ انسانیت کیلئے تیار رہے گا اور اپنا سٹینڈرڑ ریسپانس ٹائم بھی برقرار رکھے گا۔