عرصہ سے پارکوں میں گھاس کو آگ لگانے والا شخص گرفتار
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)عرصہ دراز سے پارکوں میں گھاس کو آگ لگانے والا شخص پکڑا گیا۔جناح ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں شہریوں کی جانب سے پی ایچ اے کو شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ۔۔۔
نامعلوم شخص کی جانب سے پارکوں میں سوکھی گھاس اور جمع کیے گئے کچرے کو آگ لگائی جا رہی ہے جس کے باعث علاقے میں صحت کے مسائل جنم لے رہے تھے ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی ثنا اکرم نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی تلاش شروع کی اور گزشتہ روز کلیم شہید پارک سے ملزم کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ خاتون افسر کے مطابق ملزم کی شناخت عظیم کے نام سے ہوئی جو طویل عرصہ سے ادارے اور شہریوں کے لیے درد سر بنا ہوا تھا۔ پکڑے جانے پر ملزم طیش میں آگیا اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے لگا جس پر اسے رضا آباد پولیس کے حوالے کردیا گیا۔