ٹو بہ ٹیک سنگھ:کروڑوں سے تیار سٹی ہسپتال ڈسپنری بن گیا

ٹو بہ ٹیک سنگھ (میاں عاطف سعید )محکمہ صحت کے افسروں نے کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے سٹی ہسپتال کو ڈسپنسری میں تبدیل کر دیا ۔۔۔
،جس کے نتیجہ میں شہریو ں کو ایمر جنسی سمیت دیگر طبی سہو لیا ت کیلئے مجبورا ڈی ایچ کیو ہسپتال جانا پڑ تا ہے ،ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں مریضوں کے بڑھتے ہوئے دباؤ کے باعث ایک بیڈ پر تین مریضوں کو جگہ ملتی ہے ، چنانچہ شہریوں کو ان کی دہلیز کے قریب علاج معالجہ کی سہولیات کی فراہمی کی خاطر کروڑوں روپے کی لاگت سے پرانے سول ہسپتال کے احاطہ میں 15سال قبل سٹی ہسپتال کی عمارت تعمیر کر کے وہاں جدید آلات ،فرنیچر اور جنریٹر وغیرہ بھی فراہم کئے گئے تھے ، جبکہ مریضوں کو داخلہ کی سہولت کیلئے 25بیڈز پر مشتمل وارڈ بھی تعمیر کیا گیا ،اور یہاں عملہ تعینات کر کے ایک سٹی ہسپتال کو صرف صبح 8بجے سے دوپہر 2بجے تک او پی ڈی کیلئے فنگشنل کر دیا گیا،تاہم طویل عرصہ گزرنے کے باوجود مذکورہ سٹی ہسپتال کو 24گھنٹے کیلئے ورکنگ پوزیشن میں لانے کی بجائے محکمہ صحت کے افسران ایک مکمل ہسپتال سے صرف ڈسپنسری درجہ کاکام لے رہے ہیں ، جس کے باعث نہ صرف شہریوں کو شام اور رات کے اوقات میں ایمر جنسی اور علاج معالجہ کے لئے شہر سے 2کلو میٹر دور واقع ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جانا پڑتا ہے ،عوامی و سماجی حلقوں نے وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کیا ہے کہ سٹی ہسپتال کو ڈی ایچ کیو ہسپتال سے الگ حیثیت میں 24گھنٹے کیلئے خود مختار طور پر فنگشنل کیا جائے ۔