جھنگ:محرم میں پولیس افسروں و اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ

جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈی پی او کیپٹن (ر) بلال افتخار کیانی نے محرم الحرام کی آمد کے پیش نظر ضلع بھر میں امن و امان کے قیام اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مؤثر اور فیصلہ کن اقدامات کا آغاز کر دیا ہے ۔
ڈی پی او جھنگ نے محرم الحرام کے لائسنسی اور روایتی پروگراموں کی مکمل تفصیلات طلب کر لی گئی ہیں، تاکہ سکیورٹی پلان کو مؤثر اور جامع بنایا جا سکے ۔ سکیورٹی انتظامات کو فول پروف بنانے کے لیے تمام پولیس افسروں و اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں، جبکہ سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دینے کے لیے تیاریاں تیزی سے جاری ہیں۔ڈی پی او بلال افتخار کیانی نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ اشاروں کنایوں میں یا کھلم کھلا مذہبی منافرت پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ایسے عناصر کے خلاف فوجداری مقدمات کے اندراج کے ساتھ ساتھ انہیں نظربند کر کے جیل بھیجا جائے گا۔