چنیوٹ :فوڈ حکام کی کارروائی، 45من مردہ مرغیوں کی سپلائی ناکام

چنیوٹ،بھوآنہ(ڈسٹرکٹ رپورٹر، نمائندہ دنیا) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے چنیوٹ میں 45من مردہ مرغیوں کی سپلائی ناکام بنا دی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز ڈاکٹر محمد قاسم رضا کی زیر قیادت فوڈ سیفٹی ٹیموں نے جھنگ سرگودھا بائی پاس روڈ پر کریک ڈاؤن کرکے گاڑی نمبری BKI 146 اور لوڈر رکشہ سے چیکنگ کے دوران 1800 کلو مردہ مرغیاں برآمد کرلیں۔ ڈاکٹر محمد قاسم رضا کے مطابق سپلائر گاڑی اور لوڈر رکشہ میں مردہ مرغیوں کو 6 ڈرموں میں چھپا کر رکھا گیا تھااورسینئر ویٹرنری سپیشلسٹ نے تفصیلی معائنے کے بعد مرغیوں کو مضرصحت قرار دیا۔مردہ مضر صحت مرغیوں کی ترسیل کیلئے ملزمان کے پاس انتہائی لازم ریکارڈ موجود نہیں تھا۔فوڈ اتھارٹی ٹیم نے 2 ملزمان کو گرفتارکرا کر مقدمہ درج کرا دیاجبکہ برآمد ہ مرغیاں تلف کرا دیں ۔