جھنگ : سیلابی خطرات سے نمٹنے کیلئے انتظامیہ کی فرضی مشقیں

جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ممکنہ سیلابی خطرات کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام ہیڈ تریموں پر جامع فرضی مشقوں کا انعقادکیا گیا۔ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر کی ہدایات پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ڈاکٹر امتیاز محسن،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل خرم شہزاد بھٹی و اسسٹنٹ کمشنرز نے پیشگی تیاریوں کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر تمام اداروں نے اپنے وسائل اور صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے معلوماتی سٹالز لگائے۔ریسکیو ٹیم نے کشتی رانی، سکوبا ڈائیونگ، اور ڈوبنے والے افراد کو ریسکیو کرنے کی عملی مشق بھی کی جبکہ ایمرجنسی کمیونیکیشن نظام کی فعالیت کے لیے وائرلیس سسٹمز کے استعمال پر بھی بریفنگ دی گئی۔ضلعی افسران نے ریسکیو 1122 اور دیگر محکموں کی تیاریوں کو اطمینان بخش قرار دیا۔اس حوالہ سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ڈاکٹر امتیاز محسن کاکہنا تھا کہ فلڈ موک ایکسرسائز کا مقصد سیلابی صورتحال میں دستیاب وسائل کی کارکردگی اور ان کے بروقت استعمال کو یقینی بنانا ہے،تمام اداروں کو باہمی رابطے کو مزید بہتر بنانا ہوگا تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال میں عوام کو بروقت اور مو¿ثر مدد فراہم کی جا سکے۔اس موقع پر پی ڈی ایم اے، لائیو اسٹاک، محکمہ انہار، ایجوکیشن، سول ڈیفنس، ایگریکلچر اور ہیلتھ کے افسران نے بھی شرکت کی۔