بارش :فیسکو کے 175 سے زائد فیڈر ٹرپ ،گھنٹوں بجلی بند
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)فیصل آباد سمیت ڈویژن کے مختلف شہروں میں بارش کے دوران فیسکوکے175 سے زائد فیڈر ٹرپ کرگئے۔۔۔
کئی علاقوں میں گھنٹوں بجلی بند رہی ۔تفصیلات کے مطابق فیصل آباد سمیت سرگودھا، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ اور میانوالی کے متعدد علاقوں میں جمعرات کو ہونے والی بارش کے بعد فیسکو کا بجلی سپلائی سسٹم شدید متاثر ہوا، 175 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرنے کے نتیجے میں فیصل آباد کے فرسٹ اور سیکنڈ سرکل سمیت ڈویژن کے مختلف علاقے بجلی کی فراہمی سے محروم رہے ، جس کے باعث معمولات زندگی متاثر ہوگئے ،دفاتر، تجارتی مراکز، ہسپتالوں اور گھریلو صارفین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ فیسکو ترجمان کے مطابق صورتحال کے پیش نظر فیسکو سٹاف کو ہنگامی بنیادوں پر متحرک کر دیا گیا ، متاثرہ تمام فیڈرز سے مرحلہ وار بجلی بحال کردی گئی ہے ۔