پنجاب کونسل آف آرٹس کے زیر اہتمام مقابلہ مصوری، مشاعرہ
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)پنجاب کونسل آف آرٹس فیصل آباد ڈویژن کے زیرِ اہتمام جشنِ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں مقابلہ مصوری، آزادی مشاعرہ، شامِ موسیقی، ملی نغمے ، تقاریر، کیک کاٹنے کی تقریب اور ٹیبلو پرفارمنسز منعقد ہوئیں۔
مقابلہ مصوری کا موضوع خوبصورت پاکستان تھا، جس میں 8 سے 17 سال اور 18 سے 35 سال کے طلبہ و طالبات نے حصہ لیا۔ پہلے انعام کے طور پر 15 ہزار روپے ، دوسرے انعام کے طور پر 12 ہزار روپے اور تیسرے انعام کے طور پر 10 ہزار روپے دیے گئے ۔ اس مقابلے میں 70 سے زائد طلبہ و طالبات شریک ہوئے ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف آرٹس فیصل آباد محمد عمران رضا، مہمانِ خصوصی ڈی جی پی ایچ اے دلاور خان چدھڑ، اسسٹنٹ کمشنر سٹی عمر عادل اور اسسٹنٹ کمشنر صدر ذوالقرنین نے طلبہ و طالبات میں اسناد اور انعامات تقسیم کیے ۔یومِ آزادی کے موقع پر آرٹس کونسل میں شامِ موسیقی کا بھی انعقاد ہوا، جس میں معروف گلوکار شجاع احسان، اقصیٰ اور دیگر فنکاروں نے ملی نغمے پیش کیے ۔ بعد ازاں کیک کاٹنے کی تقریب میں ڈویژنل ڈائریکٹر ایجوکیشن علی احمد سیان، معروف فنکار قمر سلطان، ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف آرٹس فیصل آباد محمد عمران رضا، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسد حیات اور ڈاکٹر مزمل مرتضی نے شرکت کی۔