ناجائز منافع خور کسی رعایت کے مستحق نہیں :عمر عباس میلہ
65 ہزار سے زائد انسپکشنز ، 3 لاکھ 65 ہزار روپے سے زائد جرمانے عائد
ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے کہا ہے کہ عوام کی جیب پر ڈاکہ ڈالنے والے عناصر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں، ناجائز منافع خوری اور گرانفروشی کے خلاف سخت اقدامات بلا تعطل جاری رہیں گے ۔وہ اپنی زیرِ صدارت منعقدہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ، جس میں ایک ہفتے کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر اکنامکس اینڈ مارکیٹنگ زاہد شریف نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ ہفتے ضلع بھر میں 65 ہزار سے زائد انسپکشنز کی گئیں۔
جن کے نتیجے میں 3 لاکھ 65 ہزار روپے سے زائد جرمانے عائد کیے گئے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ آٹے کی قیمتوں کے حوالے سے 2975، چینی کی 2364، ٹماٹر کی 2360 اور روٹی کے نرخوں پر 2078 انسپیکشنز کی گئیں، جن میں ہزاروں روپے کے جرمانے کیے گئے ۔ڈپٹی کمشنر نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ وہ سرکاری نرخ نامہ نمایاں جگہ پر آویزاں کریں، بصورت دیگر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔