مرغی کے گوشت میں تول، انتظامیہ خاموش

 مرغی کے گوشت میں تول، انتظامیہ خاموش

گوشت فی کلو کی بجائے 900 گرام، جبکہ صفائی کے بعد 850 سے 800 گرام فروخت ہو رہا ہے ، پرائس کنٹرول مجسٹریٹ سخت کارروائی عمل میں لائیں : شہری

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)بار بار نوٹیفکیشن کے باوجود مرغی کے گوشت میں تول پورا نہ کروایا جا سکا۔ محکمہ انڈسٹریز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی غفلت کے باعث کم تول پر نہ کوئی کارروائی ہوئی اور نہ جرمانہ لگایا گیا۔شہریوں کے مطابق مرغی کا گوشت فی کلو کی بجائے 900 گرام، جبکہ صفائی نکالنے کے بعد 850 سے 800 گرام تک ہی فروخت ہو رہا ہے ۔مرغی کے گوشت کا تول پورا کرنے سے متعلق متعدد نوٹیفکیشن جاری کیے جا چکے ہیں۔ محکمہ لائیو سٹاک کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو واضح طور پر ہدایت دی گئی تھی کہ فی کلو گوشت کا مطلب 1000 گرام ہے ، اور صفائی کے نام پر 100 گرام کمی ناپ تول میں کمی کے زمرے میں آتی ہے ۔ اس کے باوجود ضلع بھر میں زیادہ تر دکانوں پر کم تول جاری ہے۔

شہریوں نے بتایا کہ قصاب وزن کے بعد دوبارہ صفائی کرتے ہیں جس سے مزید 50 سے 100 گرام کمی ہو جاتی ہے ۔ نتیجتاً خریدار کو ایک کلو کے دام میں صرف 800 سے 850 گرام گوشت ہی ملتا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نوٹیفکیشن پر عملدرآمد کرانے میں مکمل ناکام نظر آتے ہیں۔ذرائع کے مطابق مرغی فروش نہ صرف کم تول پر منافع کما رہے ہیں بلکہ مرغی کے دیگر حصے الگ فروخت کرکے بھی اضافی آمدن حاصل کر رہے ہیں۔ مرغی کے پنجے 100 روپے فی درجن، پوٹا کلیجی آدھی قیمت پر، جبکہ آنتیں، خون اور پر بھی فروخت کیے جا رہے ہیں۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ، محکمہ انڈسٹریز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس وزن چیک کرکے سخت کارروائی اور بھاری جرمانے کریں تاکہ عوام کو حق تلفی اور ناجائز منافع خوری سے بچایا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں