گرین بیلٹس،پارکس کے غیر قانونی ٹھیکوں کا انکشاف

گرین بیلٹس،پارکس کے غیر قانونی ٹھیکوں کا انکشاف

پی ایچ اے عملہ کی مبینہ کرپشن سے کینال روڈ،سوساں روڈ ، ڈی گرائونڈ میں فوڈ پوائنٹس،ورکشاپ مالکان کاقبضہ ، پارکنگ سٹینڈ بھی قائم ،تحاوزات خاتمے کی فرضی کارروائیاں

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی کی مبینہ کرپشن سے شہر بھر کی گرین بیلٹس اور پارکس کو غیر قانونی ٹھیکوں پر دئیے جانے کا انکشاف، نذرانے لے کر گرین بیلٹ پر ٹھیلے فوڈ پوائنٹس کی کرسیاں ٹیبل اور پتھاڑے لگوادیئے گئے ۔ تجاوزات کیخلاف آپریشنز ہونے کے باوجود کوئی کارروائی نہ ہوسکی۔مبینہ نذرانوں کی چمک کے باعث گرین ایریاز سے قبضہ واگزار نہ کروایا جاسکا ۔فیصل آباد کے پارکس اور گرین بیلٹس پر تجاوزات موجود ہیں جس سے شہریوں کو مشکلات سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ سر فہرست سوساں روڈ اور ڈی گرائونڈ کے علاقوں میں فوڈ پوائنٹس نے گرین بیلٹس پر قبضہ جما رکھا ہے ۔ ذرائع کے مطابق دوونوں علاقوں سے پی ایچ اے ملازمین مبینہ نذرانے وصول کرتے ہیں ،بعض اوقات پی ایچ اے کی جانب سے فرضی کارروائیاں اور تجاوزات کیخلاف دکھاوے کے آپریشن کیے جاتے ہیں جس میں فوڈ پوائنٹس مالکان کو آپریشن کی پہلے سے اطلاع کردی جاتی ہے ۔

پی ایچ اے ملازمین کے چکر لگانے سے پہلے فوڈ پوائنٹس تجاوزات اٹھا لیتے ہیں اور چکر لگنے کے فوری بعد دوبارہ تجاوزات قائم کرلی جاتی ہیں تجاوزات کیخلاف آپریشن میں بھی جانبداری کا مظاہرہ کیا جاتا ہے جہاں سے پی ایچ اے ملازمین کو نذرانے نہیں ملتے وہاں سے سامان ضبط کرلیا جاتا ہے اور آس پاس موجود نذرانے دینے والوں کے سامان کو نظر انداز کردیا جاتا ہے شہریوں کا کہنا ہے مین کینال روڈ پر نہر کے دونوں اطراف موجود گرین بیلٹ کو بھی غیر قانونی طور پر ٹھیکے پر دیاگیا ہے گرین بیلٹ کی حدود میں موٹریں لگا کر پانی بھر کر فروخت کرنے والوں سے بھی مبینہ نذرانے لیے جاتے ہیں گرین بیلٹ میں پارکنگ یا گاڑیاں کھڑی کرنے والے ورکشاپ مالکان اور کرسیاں ٹیبل رکھنے والے ڈھابوں سے بھی مبینہ نذرانے وصول جاتے ہیں ۔ مختلف مارکیز سے بھی نذرانوں کے حصول کا انکشاف ہوا ہے سوساں روڈ پرفیضان مدینہ سے ملحقہ گرین بیلٹ کو بھی غیر قانونی ٹھیکے پر دیا گیا ہے جہاں باقاعدہ پارکنگ سٹینڈ قائم ہے جبکہ تین سے چار نجی فوڈ پوائنٹس کا سٹنگ ایریا بھی بنایا گیا ہے گرین ایریاز میں ہونے والی تجاوزات پی ایچ اے کی کرپشن کا واضح ثبوت ہے ۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر اور ڈویژنل کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ شہریوں کی سہولت کے پیش نظر پی ایچ اے کو تجاوزات کے خاتمے کا پابند کیا جائے تاکہ گرین بیلٹس اور پارکس سے تجاوزات مافیا کا قبضہ واگزار کروایا جاسکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں