ٹریفک چالان مہم تیز شہری مین سٹرکوں سے گریزاں

ٹریفک چالان مہم تیز شہری مین سٹرکوں سے گریزاں

اہم چوکوں اور شاہراہوں پر گروپوں کی صورت میں تعینات اہلکاروں کی مبینہ طور پر ریونیو کلیکشن اولین ترجیح ، بلاجواز چالانوں کا سلسلہ فوری روکا جائے :شہری

 فیصل آباد (سٹی رپورٹر) ٹریفک پولیس افسروں اور اہلکاروں نے ٹریفک نظام کو بہتر بنانے اور شہریوں کے مسائل حل کرنے کے بجائے چالان مہم کو کامیاب بنانے پر پوری توجہ مرکوز کر دی ہے ۔ بھاری جرمانوں کے خوف سے شہری مین شاہراہوں پر آنے کے بجائے گلیوں اور محلوں کا طویل راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہیں، جس سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ذرائع کے مطابق حالیہ دنوں میں ٹریفک اہلکار اپنی بنیادی ڈیوٹیاں انجام دینے کے بجائے مختلف مقامات پر ناکہ بندی پوائنٹس قائم کرکے شہریوں کو روکنے اور بھاری چالان کرنے میں مصروف نظر آتے ہیں۔ شہر کے اہم چوکوں اور شاہراہوں پر گروپوں کی صورت میں تعینات اہلکار مبینہ طور پر ریونیو کلیکشن کو اولین ترجیح بنائے ہوئے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ روزانہ مشکل سے ایک ہزار سے پندرہ سو روپے تک کماتے ہیں، جبکہ ٹریفک پولیس کی جانب سے کئی بار کم از کم دو ہزار روپے کا جرمانہ کردیا جاتا ہے ، جو ان کے لیے شدید مالی مسائل کا باعث ہے ۔ شہریوں نے یہ بھی شکایت کی کہ اہلکار مختلف نوعیت کے اعتراضات لگا کر بھاری جرمانے عائد کر دیتے ہیں، جبکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں بعض اوقات خود اہلکار بھی کرتے نظر آتے ہیں، جیسے بغیر ہیلمٹ سفر کرنا اور ون وے کی خلاف ورزی۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بلاجواز چالانوں کا سلسلہ فوری روکا جائے تاکہ لوگ بلا خوف و خطر شہر کی مرکزی شاہراہوں کا استعمال کر سکیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں