سٹریٹ لائٹس کی عدم موجودگی، شہریوں کی مشکلات میں اضافہ
حادثات کے خدشات بڑھ گئے ،جرائم پیشہ عناصر کے لیے آ سانیاں پیدا ہو گئیں
ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ٹوبہ ٹیک سنگھ کے پوش علاقے کینال روڈ سمیت متعدد رہائشی آبادیاں سٹریٹ لائٹس سے محروم ہیں، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ کینال روڈ پر واقع ڈپٹی کمشنر ہاؤس کے علاوہ محلہ گارڈن ٹاؤن، مصطفی آباد، حضور گارڈن، فیض کالونی، فاطمہ ٹاؤن اور دیگر ملحقہ کالونیاں اندھیروں میں ڈوبی ہوئی ہیں۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ رات کے اوقات میں سٹریٹ لائٹس نہ ہونے کی وجہ سے سڑکوں پر آمدورفت نہایت مشکل ہو گئی ہے ، جس سے حادثات کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
اندھیرے کی وجہ سے راہگیروں، خواتین اور بزرگ شہریوں کو خاص مشکلات پیش آتی ہیں، جبکہ جرائم پیشہ عناصر کے لیے بھی سازگار ماحول پیدا ہو گیا ہے ، جس سے چوری، ڈکیتی اور دیگر وارداتوں کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔اہلِ علاقہ نے متعدد بار متعلقہ محکموں کو آگاہ کیا، تاہم تاحال مسئلہ حل نہیں ہو سکا۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور میونسپل حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ کینال روڈ اور اس سے ملحقہ تمام کالونیوں میں فوری طور پر سٹریٹ لائٹس نصب کی جائیں اور خراب لائٹس کی مرمت کرائی جائے تاکہ عوام محفوظ اور پُرسکون ماحول میں زندگی گزار سکیں۔