میڈیکل شعبہ انسانیت کی خدمت کا ذریعہ :فاروق یوسف
فیصل آباد (نیوز رپورٹر)فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے کہا ہے کہ میڈیکل کا شعبہ نہ صرف باعزت روزگار کا ذریعہ ہے بلکہ دکھی اور بیمار انسانیت کی خدمت کا عظیم موقع بھی فراہم کرتا ہے ۔
وہ گلستان کالونی میں قائم نجی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کی وائٹ کوٹ تقریب برائے سال 2026ء سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر نجی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے منیجنگ ٹرسٹی میاں محمد ادریس بھی موجود تھے ۔فاروق یوسف شیخ نے کہا کہ فیصل آباد ڈویژن ڈیڑھ کروڑ سے زائد آبادی پر مشتمل ہے اور قومی ٹیکسٹائل برآمدات میں 57 فیصد کا نمایاں حصہ ڈالتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کے تاجر اور صنعتکار ہمیشہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے پلیٹ فارم سے فلاحی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے آئے ہیں اور آج بھی نجی شعبہ صنعت و تجارت کے ساتھ ساتھ تعلیم اور صحت کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کر رہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کے میڈیکل کالجوں میں عزیز فاطمہ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کو خصوصی حیثیت حاصل ہے اور یہاں داخلہ لینے والے طلبہ و طالبات اور ان کے والدین کے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ وہ ایک ایسے ادارے سے وابستہ ہوئے ہیں جس نے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام امتحانات میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کی ہیں۔۔فاروق یوسف شیخ نے وائٹ کوٹ کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ لباس اس ذمہ داری کی یاد دہانی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو انسانیت کی خدمت کے لیے منتخب کیا ہے ، تاہم اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ آپ اپنے لیے باعزت روزگار حاصل نہ کریں۔ انہوں نے میڈیکل کالج کو کامیابی سے چلانے پر میاں محمد ادریس کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی کاروباری سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ تعلیم اور صحت کے شعبے میں بھی بھاری سرمایہ کاری کی ہے ، جس کا اجر اللہ تعالیٰ انہیں دنیا اور آخرت دونوں میں عطا فرمائے گا۔