ایران کے ساتھ مذاکرات جاری، کامیاب نہ ہوئے تو سنگین نتائج سامنے آئیں گے: صدر ٹرمپ
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکی صنعتوں کیلئے اہم معدنیات کا سٹرٹیجک ذخیرہ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکی بینک 12 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گے، روس اور یوکرین کے درمیان جنگ رکوانے کیلئے کام کر رہے ہیں، ہمارا بڑا بحری بیڑا ایران کی جانب گامزن ہے، ایران کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ اگر کوئی معاملہ طے پا گیا تو یہ بہتر ہوگا تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایسا نہ ہوا تو بہت برُے نتائج سامنے آسکتے ہیں۔ امریکی صدر نے اسٹیو وٹکوف کی جمعے کو ایرانی وزیرخارجہ سے مذاکرات کی بھی تصدیق کردی۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ سٹیووٹکوف جمعہ کو ایرانی وزیرخارجہ سے ملاقات کریں گے، امریکی سرحدیں محفوظ بنا دیں، اب کوئی غیر قانونی نہیں آرہا، ہم نے دنیا میں 8 جنگیں رکوائی ہیں، یوکرین روس جنگ کے حوالے سے اچھی خبروں کیلئے پرامید ہوں۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یوکرین روس جنگ کی وجہ سے ماہانہ 25 ہزار افراد مارے جا رہے ہیں، کارروائی کے بعد وینزویلا کی قیادت کا رویہ تبدیل ہوا ہے، پیوٹن اور زیلینسکی کے درمیان انتہا کی نفرت ہے یہ باعث شرم ہے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ یورپ کو امیگریشن اور توانائی سے متعلق مسائل کا سامنا ہے، ہم نے واشنگٹن ڈی سی کو جرائم سے پاک اور محفوظ بنایا، میکسیکو کیوبا کو تیل بھیجنا بند کرنے جا رہا ہے، ہماری کیوبا سے بات چیت چل رہی ہیں۔
صدر ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ جیفری اپیسٹین کے معاملے سے میرا کوئی تعلق نہیں ہے، ہمارے یورپ کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں۔