جینے دو کراچی مارچ پر جماعت اسلامی کے رہنماؤں کیخلاف مقدمہ درج
کراچی: (دنیا نیوز) جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر اور دیگر کے خلاف احتجاجی ریلی نکالنے اور جلسہ کرنے پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔
مقدمہ ایس ایچ او ٹیپو سلطان تھانہ اظہر خان کی مدعیت میں درج کیا گیا، درج کردہ مقدمے کے متن کے مطابق اہلکار علاقہ گشت پر مامور تھے اس دوران شاہراہ فیصل صدر کی جانب ٹریک پر سیاسی جماعت کے کارکنان احتجاج کررہے تھے، مظاہرین میں 8 سو سے ایک ہزار کے قریب مرد و خواتین شامل تھے۔
متن میں بتایا گیا کہ ریلی کے باعث شاہراہ فیصل پر ایمبولینس اور گاڑیاں روک دی گئی تھیں، ریلی کی قیادت امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر کررہے تھے، ان کے ہمراہ منظر عالم، راشد اور دیگر صورت شناس افراد موجود تھے۔
متن میں مزید لکھا گیا کہ ریلی کی وجہ سے لوگوں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، مظاہرین شاہراہ فیصل پر نعرے بھی لگارہے تھے، مقدمہ سڑکیں بلاک کرنا، لوگوں کو روکنا اور دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا۔
ترجمان جماعت اسلامی کراچی کا کہنا ہے کہ ایف آئی آر سیاسی انتقام ہے، پُرامن احتجاج پر ایف آئی آر فسطائیت ہے، ایف آئی آر عوامی آواز دبانے کی ناکام کوشش ہے، ایف آئی آرز سے جدوجہد نہیں رکے گی، کراچی کے حقوق کی تحریک جاری رہے گی، ایف آئی آر سے ڈرنے والے نہیں۔