تیراہ متاثرین کا تصدیقی عمل ایک ہفتے میں مکمل کرنے کی ہدایت
پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے تیراہ متاثرین کو امدادی رقوم کی جلد ادائیگی یقینی بنانے کے لیے ایک ہفتے میں ویریفکیشن کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت اجلاس میں تیراہ ، کرم اور باجوڑ کے متاثرین کو معاوضوں کی ادائیگی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
محمد سہیل آفریدی نے متاثرین کو ادائیگیوں کا ڈیجیٹل ریکارڈ مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ متاثرین کی معاونت کے لیے جاری فنڈز کی ایک ایک پائی کا حساب رکھا جائے۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، صوبائی حکومت متاثرین کی معاونت کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ وفاق کے ذمے بقایا متاثرین کے پیسوں کی ادائیگی کے لیے خطوط لکھے جائیں، وزیر اعلیٰ کی قدرتی آفات و آپریشنز سے متاثرہ لوگوں کی بحالی و معاونت کے لیے خصوصی فنڈ قائم کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو بریفنگ دی گئی کہ متاثرین کی معاونت کے لیے مختص 4 ارب روپے میں سے اب تک 90 کروڑ روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔
سہیل آفریدی کو بتایا گیا کہ وادی تیراہ کے متاثرہ 17 ہزار گھرانوں کی رجسٹریشن مکمل کر لی گئی ہے، روزانہ کی بنیاد پر تیراہ کے ایک ہزار گھرانوں کو پیسوں کی ادائیگی یقینی بنائی جائے گی۔
وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی گئی کہ متاثرین کو ادائیگیوں کے لیے ڈیجیٹل ڈیش بورڈ قائم کیا جا رہا ہے، بکاخیل کیمپ میں مقیم متاثرین کو ماہانہ کی بنیاد پر رقوم کی ادائیگی کی جا رہی ہے۔
کابینہ اراکین عاقب اللہ ، مزمل اسلم، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز، متعلقہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز اجلاس میں شریک ہوئے۔