وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر قازقستان کے صدر کل اسلام آباد پہنچیں گے
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر قازقستان کے صدر قاسم جومارت توقایف کل پہلے 2 روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے۔
وزارت خارجہ کے مطابق قازقستان کے صدر قاسم جومارت توقایف 3 اور 4 فروری 2026ء کو پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ کریں گے، ان کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہوگا جس میں کابینہ کے سینئر وزرا اور اعلیٰ حکام شامل ہوں گے۔
دورے کے دوران قازقستان کے صدر قاسم جومارت توقایف صدرِ پاکستان آصف علی زرداری سے ملاقات کریں گے، ان کی وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ بھی ملاقات ہوگی جب کہ مہمان صدر کا پاکستان قازقستان بزنس فورم سے خطاب بھی متوقع ہے۔
یہ دورہ دونوں ممالک کو دوطرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لینے، تعاون کے نئے مواقع پر تبادلہ خیال کرنے، بالخصوص تجارت، لاجسٹکس، علاقائی و عوامی روابط کے شعبوں میں پیش رفت کے امکانات پر گفتگو کا موقع فراہم کرے گا، اس کے ساتھ ساتھ علاقائی اور عالمی فورمز پر تعاون پر بھی بات چیت متوقع ہے۔