لیبیا کی افواج کے نائب کمانڈر ان چیف کا ایئر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ، ایئر چیف سے ملاقات
اسلام آباد: (دنیا نیوز) لیبیا کی عرب مسلح افواج کے نائب کمانڈر ان چیف نے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔
لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر نے چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی، ملاقات میں علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دوطرفہ عسکری تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہاکہ پاکستان اور لیبیا کے درمیان مضبوط مذہبی اور تاریخی تعلقات ہیں، ایئر چیف نے لیبیا کی فضائیہ کے ساتھ پیشہ ورانہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وفد کو پاکستان ایئر فورس کی خود انحصاری سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی گئی، لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
معزز مہمان نے مشترکہ تربیت، مشقوں اور پیشہ ورانہ تبادلوں کے ذریعے تعاون بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔