سینیٹ: بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف اتفاق رائے سے مذمتی قرار داد منظور
اسلام آباد:(دنیا نیوز) سینیٹ نے بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف اتفاق رائے سے مذمتی قرار داد منظور کر لی۔
مذمتی قرار داد وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے پیش کی، قرارداد میں بلوچستان میں حالیہ دہشت گرد حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور شہید ہونے والوں کے اہلِ خانہ سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا جب کہ زخمیوں کی صحت یابی کی دعا بھی کی گئی۔
متن میں سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جرأت، قربانیوں اور خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا، ہمارے جوان شہریوں کے تحفظ اور مادر وطن کے دفاع کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے رہے ہیں، یہ ایوان بلوچستان میں امن، ترقی اور سیاسی شمولیت کے لیے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔
قرار داد میں لکھا گیا کہ پائیدار امن کا قیام سماجی و معاشی ترقی، بہتر طرز حکمرانی اور آئینی حقوق کے احترام کے بغیر ممکن نہیں، ایوان اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ دہشت گردی کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، ریاست کی وحدت اور عوام کی اجتماعی قوت تشدد، انتہاپسندی اور دہشت گردی کی تمام قوتوں پر غالب آئے گی۔
متن میں مزید یہ بھی کہا گیا ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ ان واقعات کی شفاف، فوری اور نتیجہ خیز تحقیقات کو یقینی بنایا جائے،دہشت گردی میں ملوث مجرموں، سہولت کاروں اور سرپرستوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
دوسری جانب بلوچستان میں انٹیلی جنس کے باہمی تعاون، سرحدی سکیورٹی اور انسدادِ دہشت گردی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے پر بھی زور دیا گیا۔