کشمیر انسٹیٹیوٹ کے وفد کا ایف ڈی اے کمپلیکس کادورہ
ایف ڈی اے ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن سے سروس ڈلیوری میں تیزی آئی :قیصر عباس رند
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) ایف ڈی اے کے ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کے بعد سروس ڈلیوری میں نمایاں بہتری اور تیزی آئی ہے ، جس کے باعث متعدد سروسز آن لائن فراہم کی جا رہی ہیں اور ریئل ٹائم میں پراپرٹی اونرشپ کلیئرنس سرٹیفکیٹس، ٹی پی رپورٹس اور قبضہ سلپس کے اجرا کے امور کامیابی سے انجام دیے جا رہے ہیں۔ یہ بات قائمقام ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند نے کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ مظفرآباد کے آٹھویں پروفیشنل پلاننگ اینڈ مینجمنٹ کورس کے 19 رکنی افسروں کے وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے کہی، جنہوں نے چیف انسٹرکٹر ابرار احمد کی سربراہی میں ایف ڈی اے کمپلیکس کا دورہ کیا۔
بریفنگ کے دوران قیصر عباس رند نے ایف ڈی اے کے تنظیمی ڈھانچے ، لیگل فریم ورک، قوانین، پالیسیز، دائرہ اختیار، شہری ترقی کے منصوبوں، ذرائع آمدن اور بجٹ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ شہری ترقی کے لیے ساڑھے چودہ ارب روپے مالیت کے مختلف ترقیاتی منصوبے تجویز کیے گئے ہیں، جبکہ عبداللہ پور جھمرہ روڈ فلائی اوور، کینال روڈ پر کشمیر انڈر پاس سمیت کئی میگا منصوبے ایف ڈی اے کے کریڈٹ میں شامل ہیں۔