پنجاب کالج برائے خواتین کے سالانہ سپورٹس گالا کا انعقاد

پنجاب کالج برائے خواتین کے سالانہ سپورٹس گالا کا انعقاد

ڈاکٹر حبیب الرحمٰن مہمانِ خصوصی، نمایاں کارکردگی پر طالبات میں انعامات تقسیم

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)پنجاب کالج برائے خواتین، جڑانوالہ روڈ فیصل آباد میں سالانہ سپورٹس گالا 2026 نہایت شاندار انداز میں منعقد کیا گیا، جس میں طالبات نے بھرپور جوش و خروش سے شرکت کی۔اس پروقار تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈاکٹر حبیب الرحمٰن (سیکرٹری فیصل آباد بورڈ) تھے ۔ دیگر مہمانوں میں صدر آل پرائیویٹ اسکولز الائنس صداقت حسین لودھی اور ڈاکٹر رانا خالد شامل تھے ، جبکہ اس موقع پر پروفیسر رفعت اقبال (ڈائریکٹر پنجاب کالجز فیصل آباد) اور پرنسپل پنجاب کالج برائے خواتین پروفیسر عائشہ رفعت بھی موجود تھیں۔تقریب کا آغاز دلکش اور رنگا رنگ مارچ پاسٹ سے ہوا، جس میں مختلف ہاؤسز کی طالبات نے خوبصورت تھیمز کے ساتھ نظم و ضبط، اتحاد اور تخلیقی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا، جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔

اسپورٹس گالا میں مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوئے جن میں طالبات نے مہارت اور کھیل کے اعلیٰ جذبے کا عملی اظہار کیا۔ کالج میں سجائے گئے خوبصورت فوڈ اسٹالز بھی تقریب کی رونق کا خاص مرکز رہے ۔تقریب کے اختتام پر باوقار تقریبِ تقسیمِ انعامات منعقد ہوئی، جس میں مہمانِ خصوصی نے نمایاں کارکردگی دکھانے والی طالبات اور ٹیموں میں ٹرافیاں، میڈلز اور اسناد تقسیم کیں۔ انہوں نے بہترین انتظامات، منظم پروگرام اور طالبات کی پُرجوش شرکت کو سراہتے ہوئے کالج انتظامیہ اور منتظمین کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی سرگرمیاں طالبات میں خوداعتمادی، ٹیم ورک اور جسمانی فٹنس کو فروغ دیتی ہیں۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں