چنیوٹ:ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی اجلاس، اقدامات پر بریفنگ
ضلع بھر میں انسداد تجاوزات آپریشن پوری قانونی قوت کے ساتھ جاری ہے
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر نوید عاطف نے کی۔ اجلاس میں لیفٹیننٹ کرنل پاک آرمی بدر کو ضلع میں جاری مختلف اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے انسداد گداگری، انسداد منشیات، سیف سٹی پراجیکٹ، سڑکوں و دیگر ترقیاتی منصوبے ، انسداد سمگلنگ اور شہری خوبصورتی کے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں انسداد تجاوزات آپریشن پوری قانونی قوت کے ساتھ جاری ہے اور امن و امان کا قیام ترجیح ہے ۔پاک آرمی کے افسر نے ضلعی انتظامیہ کی مجموعی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ بہتر کوآرڈینیشن کی بدولت اہداف کی تکمیل یقینی بن رہی ہے ۔ اجلاس میں دیگر افسران اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان بھی موجود تھے ۔