مؤثر کارروائیاں نہ ہونے کے باعث منشیات فروش دوبارہ متحرک ، نشئیوں کے ٹھکانوں پر سپلائی
بعض تھانوں کی سطح پر تعینات اہلکار مبینہ طور پر حکام کو ‘‘سب اچھا ’’ کی رپورٹس ارسال کر دیتے ہیں ، شہر کے کئی علاقوں میں منشیات فروش اور نشئی آ زاد،سخت قانونی کارروائیاں جاری ہیں:سی پی او
فیصل آباد (عبدالباسط سے )ضلعی پولیس، سی آئی اے ، سی سی ڈی اور دیگر برانچوں کی جانب سے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں میں مبینہ سست روی کے باعث شہر میں ایک بار پھر منشیات فروشی کے واقعات سامنے آنے لگے ۔ نشے کے عادی افراد کو ان کے ٹھکانوں پر ہی منشیات فروشوں کے کارندوں کی جانب سے مبینہ طور پر منشیات سپلائی کیے جانے کے انکشافات بھی ہو رہے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے مؤثر کارروائیاں نہ ہونے کے باعث نوجوان نسل، خصوصاً طلبہ و طالبات کو باآسانی منشیات دستیاب ہو رہی ہے ۔ماضی میں پولیس اور متعلقہ فورسز کی جانب سے سخت کریک ڈاؤن کے باعث ضلع بھر میں منشیات فروش منظر عام سے غائب ہو گئے تھے اور نشے کے عادی افراد بھی ہسپتالوں کا رخ کرنے پر مجبور ہو گئے تھے۔
تاہم حالیہ دنوں میں کارروائیوں کی رفتار کم ہونے سے منشیات فروش دوبارہ متحرک دکھائی دے رہے ہیں۔سوساں روڈ، کینال روڈ اور جڑانوالہ روڈ سے ملحقہ گرین بیلٹس، پیپلز کالونی کے علاقوں ڈی گراؤنڈ، ستیانہ روڈ اور جھال پل کے نیچے ، سمن آباد کے علاقوں سمندری روڈ نہر کنارے ، ڈی ٹائپ کالونی اور پل کوریاں کے اطراف نشے کے عادی افراد موجود ہوتے ہیں ۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ بعض تھانوں کی سطح پر تعینات اہلکار مبینہ طور پر حکام کو ‘‘سب اچھا ’’ کی رپورٹس ارسال کر دیتے ہیں سٹی پولیس آفیسر صاحبزادہ بلال عمر کا کہنا ہے کہ منشیات فروشوں سمیت دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں جاری ہیں۔