رمضان المبارک قریب آتے ہی شہر بھر میں پیشہ ور بھکاری سرگرم شہری پریشان
متعلقہ ادارے پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف سخت اقدامات اٹھانے کی بجائے مبینہ طور پر غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہے ،عارضی گرفتاری کے بعد بھکاریوں کو دوبارہ چھوڑ دیا جاتا ہے ، حقدار بھی امداد سے محروم
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)رمضان المبارک قریب آتے ہی شہر بھر میں پیشہ ور بھکاری سرگرم ہو گئے ہیں۔ ٹریفک سگنلز، مارکیٹیں، لاری اڈے ، ریلوے سٹیشن، ہسپتال اور دیگر عوامی مقامات پر یہ بھکاری معذوری یا غربت کا ڈھونگ رچا کر شہریوں سے پیسے بٹورنے میں مصروف ہیں۔ذرائع کے مطابق سوشل ویلفیئر اور ضلعی انتظامیہ سمیت دیگر متعلقہ ادارے پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف سخت اقدامات اٹھانے کی بجائے مبینہ طور پر غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ عارضی گرفتاری کے بعد بھکاریوں کو دوبارہ چھوڑ دیا جاتا ہے ، اور ان کی پشت پناہی کرنے والے بااثر افراد کی جانب سے افسران و ملازمین کو نذرانے دئیے جاتے ہیں، جس کی وجہ سے قانونی کارروائی مؤثر نہیں ہو پاتی۔شہریوں کا کہنا ہے کہ پیشہ ور بھکاریوں کی وجہ سے اصل حقدار افراد بھی امداد سے محروم رہ جاتے ہیں۔ وہ انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ نہ صرف بھکاریوں بلکہ ان کے نیٹ ورک چلانے والے بااثر افراد کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ یہ دھندا جڑ سے ختم کیا جا سکے ۔