پاک فضائیہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس مضبوط فورس ہے: نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف

رسالپور: (دنیا نیوز) چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس ایک مضبوط فورس ہے۔

پی اے ایف اکیڈمی رسالپور میں جی ڈی پی 152 اینڈ الائیڈ کورسز کی گریجویشن پریڈ کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں اعلیٰ عسکری قیادت نے شرکت کی۔

تقریب میں چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف مہمانِ خصوصی تھے، جبکہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بھی شرکت کی، مہمانِ خصوصی نے پریڈ کا معائنہ کیا اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس کو اعزازات سے نوازا، جبکہ پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس نے حلف بھی اٹھایا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد دی اور کہا کہ معرکہ حق کے دوران ایئر فورس نے بہترین کارکردگی دکھائی، اصغر خان اکیڈمی سے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کی خدمات کی ایک طویل تاریخ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس ایک مضبوط فورس ہے، معرکہ حق کے دوران ایئر فورسز نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا، جبکہ سائبر اور الیکٹرانک وار فیئر میں بھی اپنی مہارت کا لوہا منوایا۔

نیول چیف نے کہا کہ پاک بحریہ ملک کی بحری سرحدوں کے دفاع میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور پاکستان کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے ہر وقت تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکا کے تنازعے اور آبنائے ہرمز کی بندش سے عالمی سطح پر تیل کی سپلائی متاثر ہوئی، جبکہ قوم کی حمایت سے افواج پاکستان دہشت گردی کا کامیابی سے مقابلہ کر رہی ہیں۔

مزید برآں، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کی کوششوں سے مشرق وسطیٰ میں جنگ بندی ممکن ہوئی، اور انہوں نے تقریب میں شرکت پر ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کا شکریہ بھی ادا کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں