سوئی گیس بندش ، شہریوں کو سحروافطار میں مشکلات

 سوئی گیس بندش ، شہریوں کو سحروافطار میں مشکلات

متعدد علاقوں میں گیس لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے لو گو ں کو متبادل ایندھن کا سہارا لینا پڑا، سحر و افطار کے اوقات میں گیس کی بندش کا سلسلہ ختم کیا جائے :شہریوں کا مطالبہ

فیصل آباد (سٹی رپورٹر) ماہ صیام کے آغاز ہی پر شہر کے مختلف علاقوں میں سحر و افطار کے اوقات میں سوئی گیس کی بندش اور لوڈ شیڈنگ کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار ہو گئے ۔محکمہ سوئی گیس حکام نے رمضان سے قبل دعویٰ کیا تھا کہ سحر و افطار کے اوقات میں گیس کی متواتر فراہمی اور لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔ تاہم، ماہ مقدس کے پہلے دن ڈی ٹائپ کالونی، ملت کالونی، عاصم ٹاؤن، نثار کالونی، علامہ اقبال کالونی، سمن آباد، افغان آباد، سہیل آباد، نوابانوالہ، مظفر کالونی، وارث پورہ، بٹالہ کالونی اور سرفراز کالونی سمیت کئی علاقوں میں گیس کی مکمل بندش دیکھی گئی۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس کی عدم دستیابی کی وجہ سے وہ سحر اور افطار کے کھانے کے لیے مہنگے داموں بازار سے اشیاء خریدنے پر مجبور ہوئے ۔ علاوہ ازیں، گھروں میں متبادل ایندھن جیسے ایل پی جی، کوئلہ اور لکڑیاں استعمال کرنے پر بھی مجبوریاں پیش آئیں۔شہریوں نے محکمہ سوئی گیس سے مطالبہ کیا ہے کہ سحر و افطار کے اوقات میں گیس کی بندش اور لوڈشیڈنگ کا سلسلہ فوری طور پر ختم کیا جائے تاکہ رمضان کے بابرکت دنوں میں شہریوں کو سہولت فراہم کی جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں