اینٹی بیگری مہم ناکام ، بھکاری مافیا بے لگام، شہریوں کی ناک میں دم ، مستحق افراد امداد سے محروم

اینٹی بیگری مہم  ناکام ، بھکاری مافیا بے لگام، شہریوں کی ناک میں دم ، مستحق افراد امداد سے محروم

وزارت داخلہ کے احکامات کے باوجود ماہ صیام میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کی سست روی ،سول ڈیفنس کے ملازمین لاکھوں روپے خرچہ کر کے بھی خاطر خواہ نتائج دینے میں ناکام

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) وزارت داخلہ کے احکامات کے باوجود شہر میں پیشہ ور بھکاریوں کی تعداد کم نہیں ہوئی بلکہ بڑھتی جا رہی ہے اور بھکاری مافیا ماہ رمضان کے دوران بے لگام ہو چکا ہے ۔ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کی سست روی کی وجہ سے اینٹی بیگری مہم غیر مؤثر ثابت ہو رہی ہے ۔پیشہ ور بھکاریوں کے نئے گروہ شہر کے چوک، چوراہوں اور ٹریفک سگنلز پر سرگرم ہیں اور مستحقین کے حق میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔ بھکاری شہریوں کی ناک میں دم کر رہے ہیں جبکہ مستحق اور ضرورت مند افراد بھیک کے اصل حق سے محروم ہیں۔محکمہ سوشل ویلفئیر اینڈ بیت المال اینٹی بیگری سکوارڈ کے کردار کو صفر قرار دیا جا رہا ہے۔ پیشہ ور بھکاریوں کو پکڑنے کے لیے سول ڈیفنس کے ملازمین اور سپیشل ایجوکیشن کی گاڑی استعمال کی جاتی ہے۔

جس پر روزانہ ہزاروں اور ماہانہ لاکھوں روپے کا ڈیزل خرچ ہوتا ہے ، لیکن اس کے باوجود کوئی خاطر خواہ نتائج سامنے نہیں آ رہے ۔شہریوں نے یہ بھی نشاندہی کی ہے کہ فیصل آباد میں بیگرز ہوم موجود نہیں ہے ۔ 2016 میں یہ منصوبہ اے ڈی پی سکیم میں شامل ہوا لیکن منظوری نہ ملنے کی وجہ سے کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔ نہ کوئی مؤثر حکمت عملی بنائی گئی اور نہ ہی منصوبہ بندی کی گئی، تمام کارروائیاں بے سود ثابت ہو رہی ہیں۔پیشہ ور بھکاریوں سے حاصل ہونے والی بھیک اور مالی رقم کہاں استعمال ہوتی ہے ، یہ بھی ایک بڑا سوالیہ نشان ہے ، اور شہری اس حوالے سے وضاحت کے منتظر ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں