رمضان نگہبان کارڈز کی تقسیم ، ایک لاکھ سے زائد خاندان مستفید
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق فیصل آباد ڈویژن میں مستحق خاندانوں میں ‘‘رمضان نگہبان کارڈز’’ کی شفاف اور تیز رفتار تقسیم کا عمل جاری ہے۔
اب تک ایک لاکھ 48 ہزار 30 خاندانوں کو کارڈز کے ذریعے فی کس 10،10 ہزار روپے فراہم کیے جا چکے ہیں۔ڈویژن بھر میں مجموعی طور پر 3 لاکھ 4 ہزار 834 خاندانوں میں نگہبان رمضان کارڈز کی تقسیم کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ ضلع فیصل آباد میں ایک لاکھ 43 ہزار 993 مستحقین میں سے 66 ہزار 128، ضلع جھنگ میں 77 ہزار 84 میں سے 38 ہزار 264، ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 46 ہزار 107 میں سے 21 ہزار 790 اور ضلع چنیوٹ میں 37 ہزار 650 مستحق خاندانوں میں سے اب تک 21 ہزار 848 خاندانوں کو رمضان نگہبان کارڈز ان کی دہلیز تک پہنچائے جا چکے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ رمضان بازاروں میں آٹا، چینی، بیسن، دالیں، پھل، سبزیاں اور چکن سمیت تمام بنیادی اشیائے ضروریہ عام مارکیٹ کے مقابلے میں 15 فیصد تک رعایتی نرخوں پر وافر مقدار میں دستیاب ہیں۔