ٹرمپ عالمی برادری کو دھوکا دے رہے ،القدس کانفرنس

ٹرمپ عالمی برادری کو دھوکا دے رہے ،القدس کانفرنس

نام نہاد بورڈ صدر ٹرمپ کا تجارتی ایجنڈا ،فلسطینیوں کے حقوق کا کوئی تعلق نہیں فلسطین فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام کانفرنس سے ڈاکٹرصابرابومریم ودیگر کا خطاب

کراچی (این این آئی)فلسطین فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام اسلامک ریسرچ سینٹر لان میں القدس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماں، اقلیتی برادری اور سماجی تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ مقررین نے فلسطین کے عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے عالمی برادری کی خاموشی پر تنقید کی۔کانفرنس سے خطاب میں سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کے غزہ پیس بورڈ کو مسترد کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نام نہاد بورڈ صدر ٹرمپ کا تجارتی ایجنڈا ہے اس سے فلسطینیوں کے حقوق کا کوئی تعلق نہیں ٹرمپ عالمی برادری کو دھوکا دے رہے ہیں۔ علامہ حسن ظفر نقوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایک جانب امن کی باتیں کی جاتی ہیں جبکہ دوسری جانب فلسطینیوں پر حملے جاری ہیں۔ انہوں نے بعض مسلم ممالک کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دین اور اصولوں پر سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے ۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی طاقتوں کی دھمکیوں کے باوجود استقامت ہی کامیابی کی ضمانت ہے ۔ جماعت اسلامی کے رہنما مسلم پرویز نے کہا کہ فلسطین کا ساتھ دینا دینی و اخلاقی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جدوجہد جاری رہے گی اور فلسطینی عوام کی حمایت ہر سطح پر کی جائے گی۔ مرکزی مسلم لیگ کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان نے خطاب میں کہا کہ رمضان المبارک کو فلسطین سے اظہارِ یکجہتی کا مہینہ قرار دینا قابل تحسین اقدام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کے عوام شدید بمباری کے باوجود ثابت قدم ہیں۔ مرکزی مسلم لیگ کی جانب سے غزہ کے لیے رمضان پیکج سرحد کے راستے روانہ کیا جاچکا ہے جو پورے ماہ جاری رہے گا۔ دیگر رہنماؤں نے کہا کہ اگر فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم کیخلاف بروقت آواز اٹھائی جاتی تو آج یہ صورتحال پیدا نہ ہوتی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں