جڑواں شہروں میں بھکاریوں کیخلاف کریک ڈائون، 452گرفتار
اسلام آباد میں 100سے زائد، راولپنڈی میں 352پیشہ ور بھکاری تھانے بند
اسلام آباد، راولپنڈی (خصوصی رپورٹر، خبرنگار) اسلام آباد ضلعی انتظامیہ نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف بھرپور کریک ڈائون شروع کر دیا ہے۔ یکم رمضان سے اب تک 100سے زائد پیشہ ور بھکاریوں کو گرفتار کر کے حوالات منتقل کیا جا چکا ہے۔ یہ کارروائیاں شہر کے مختلف علاقوں خاص طور پر بازاروں، شاپنگ مالز، مساجد کے باہر اور سی پٹ پر کی گئی ہیں جہاں رمضان المبارک میں بھکاریوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں پیشہ ور بھکاریوں کے نیٹ ورکس فعال ہو جاتے ہیں جنہیں ہر صورت روکا جائے گا۔ گرفتار بھکاریوں کا ڈیٹا مرتب کیا جا رہا ہے تاکہ دوبارہ شہر میں داخلے کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کیے جاسکیں۔ ادھر راولپنڈی پولیس نے کریک ڈاؤن جاری کرتے ہوئے 38روز کے دوران شہر بھر سے 352پیشہ ور بھکاری گرفتارکرلئے ۔ زیر حراست افراد میں 144مرد، 191خواتین اور 17خواجہ سرا شامل ہیں۔ ادھر اسلام آباد پولیس نے رواں سال کے دوران 588بھکاریوں کو گرفتار کر کے ا نکے خلاف بھکا ری ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلیے، جبکہ بھکاریوں کے سہولت کاروں کی سیف سٹی اور انسانی ذرائع کی مدد سے شناخت کا عمل جاری ہے۔