گراں فروشوں کیخلاف کارروائیاں،29لاکھ سے زائد جرمانہ

گراں فروشوں کیخلاف کارروائیاں،29لاکھ سے زائد جرمانہ

رمضان کے چوتھے روز1243مقامات پرقیمتیں چیک،238دکانداروں کو تنبیہشہری زائد قیمت کی شکایت ہیلپ لائن 1299 پر درج کرائیں،کمشنر حسن نقوی

کراچی (اے پی پی)کمشنر کراچی آفس نے رمضان کے چوتھے روز گراں فروشوں کے خلاف کی گئی کارروائیوں کی رپورٹ جاری کردی ، جس کے مطابق 391گراں فروشوں کے خلاف کارروائیوں میں 29لاکھ 49ہزار 520روپے سے زائد کے جرمانہ عائد کئے گئے ۔ کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے شہریوں سے کہا ہے کہ زائد قیمت سے متعلق اپنی شکایت کمشنر ہیلپ لائن نمبر1299پر درج کروائے جب کہ ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت دی کہ وہ قیمتیں کنٹرول کرکے لوگو ں کوزیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کریں ۔ اسسٹنٹ کمشنرز نے 179 مقامات پر سرکاری نرخوں پر اشیا کی نیلامی کروائی ، مجموعی طور پر ایک ہزار 243مقامات پر قیمتیں چیک کی گئیں جب کہ 238دکانداروں کو تنبیہ کی گئی ۔کمشنر کراچی نے ڈپٹی کمشنر ز اور اسسٹنٹ کمشنرز سے کہا ہے کہ کسی سے رعایت نہ برتی جائے جو خلاف ورزی کرے اس کے خلاف پہلے مرحلہ میں جرمانہ عائد کریں پھراس کی اشیا اپنی نگرانی میں نیلام کریں جب کہ مزید خلاف ورزی پر بھاری جرمانہ سمیت گرفتاری عمل میں لائی جائے ۔انہوں نے کہاکہ شکایت کرنے وا لے شہریوں کی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ لوگ شکایت کر نے پر آمادہ ہوں، اس سے گراں فروشوں کی نشاندہی میں مدد ملے گی۔کمشنر نے شہریوں سے کہا کہ انتظامیہ نے مختلف بازاروں سمیت کمشنر کراچی آفس میں بھی شکایتی سیل قائم کیاہے ،شہری اپنی شکایت کمشنر ہیلپ لائن پر درج کرواسکتے ہیں،اس سے انتظامیہ کو گراں فروشی روکنے میں مدد ملے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں