پابندی کے باوجود پولی تھین بیگز کا استعمال جاری

پابندی کے باوجود پولی تھین بیگز کا استعمال جاری

بیگز پلاسٹک دانوں میں مختلف زہریلے اور خطرناک کیمیکل ڈال کر بنائے جاتے ہیں، جو انسانی صحت کے لیے خطر ناک ہیں ، ماہرین ،محکمہ ماحولیات کو ئی ایکشن نہیں لے رہا

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)محکمہ ماحولیات کی واضح پابندی کے باوجود فیصل آباد میں دودھ، دہی، گوشت، سبزیوں اور پھلوں سمیت اشیائے ضروریہ کی خرید و فروخت کے لیے ممنوعہ پولیتھین بیگز کا بے دریغ استعمال جاری ہے ۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے احکامات کے باوجود اس پر عملدرآمد نہ ہو سکا ہے ۔ماہ رمضان میں افطاری اور سحری کے لیے اشیائے ضروریہ کی خرید و فروخت میں اضافہ ہو جاتا ہے ، مگر شہر اور گرد و نواح میں تمام اشیاء ممنوعہ پولیتھین بیگز میں ہی فراہم کی جاتی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ بیگز پلاسٹک دانوں میں مختلف زہریلے اور خطرناک کیمیکل ڈال کر بنائے جاتے ہیں، اور بیگز کے رولز کے درمیان ایک کیمیکل پاوڈر بھی شامل کیا جاتا ہے جو انسانی صحت کے لیے سست زہر ثابت ہوتا ہے ۔ماہرین کے مطابق جب کھانے پینے کی گرم چیزیں ان بیگز میں رکھی جاتی ہیں تو کیمیکل ری ایکشن کے ذریعے زہریلے اثرات کھانے میں منتقل ہو جاتے ہیں جو بعد ازاں انسانی صحت پر منفی اثرات مرتب کرتے ہیں۔فیصل آباد کے مختلف شاپنگ سنٹرز، دودھ دہی کی دکانیں، فروٹ سبزی اور گوشت کی دکانیں، کریانے کی دکانیں، فوڈ پوائنٹس اور ہوٹلز سمیت بڑے میگا مارٹس پر بھی ممنوعہ پولیتھین بیگز کا سرعام استعمال جاری ہے ، جبکہ محکمہ ماحولیات کی جانب سے ابھی تک کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں