معیاری تعلیم، کردار سازی پر توجہ دی جائے ، سی ای او ایجوکیشن
ایجوکیشن افسران سکولوں کے باقاعدہ دورے کریں ، ہدایات پر عمل کراوئیں
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی فیصل آباد کے چیف ایگزیکٹو آفیسر راؤ عبدالکریم کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کا اجلاس منعقد ہوا۔سی ای او ایجوکیشن نے معیاری تعلیم کے فروغ کے ساتھ طلبہ کی کردار سازی پر خصوصی زور دیتے ہوئے افسران کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس دلایا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اساتذہ اور طلبہ کے درمیان تعلیم دوست ماحول کو فروغ دیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ایجوکیشن افسران سکولوں کے باقاعدہ دورے کریں اور تدریسی و انتظامی امور کی مکمل جانچ کو یقینی بناتے ہوئے جاری ہدایات پر ہر صورت عملدرآمد کرائیں۔
سکولوں میں جاری تعمیراتی کاموں کی خصوصی نگرانی اور معیار برقرار رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی۔سی ای او ایجوکیشن نے واضح کیا کہ تعمیراتی مقامات کے اردگرد حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے سکول ٹرانسپورٹ کو مقررہ معیار کے مطابق رکھنے اور ڈرائیورز و عملے کا مکمل ریکارڈ مرتب کرنے پر بھی زور دیا۔انہوں نے بتایا کہ تمام تعلیمی دفاتر میں آن لائن خط و کتابت کا نظام (E-FOAS) شروع کیا جا چکا ہے ، لہٰذا تمام افسران اسی نظام کے ذریعے مراسلت کو یقینی بنائیں۔ علاوہ ازیں سکول سربراہان اور اساتذہ کی جدید تقاضوں کے مطابق تربیت کے لیے جامع لائحہ عمل مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔