افطار کے وقت ٹریفک نظام درہم برہم، لمبی قطاریں، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا

افطار کے وقت ٹریفک نظام درہم برہم، لمبی قطاریں، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا

ریڑھیاں سڑکوں پر کھڑی کر کے ٹریفک بلاک کرنا معمول ، ٹریفک اہلکاروں کی عدم موجودگی کی شکایات بھی عام ،عملی اقدامات کے بجائے چالان مہم پر زیادہ توجہ ،تجاوزات کا فوری خاتمہ کیا جائے :شہری

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)ماہِ مقدس کے دوران افطار کے اوقات میں نظامِ ٹریفک کو بہتر بنانے کے لیے ٹریفک پولیس فیصل آباد اور میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کی جانب سے کیے گئے انتظامات مؤثر ثابت نہ ہو سکے ، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ شہر کی مختلف شاہراہوں پر افطار سے قبل پھلوں، سبزیوں اور دیگر اشیائے خورونوش فروخت کرنے والوں کی جانب سے ریڑھیاں سڑکوں پر کھڑی کر کے ٹریفک بلاک کرنا معمول بن چکا ہے۔

شام کے اوقات میں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگنے سے شہریوں کے لیے بروقت گھروں تک پہنچنا مشکل ہو جاتا ہے جبکہ بعض مقامات پر ٹریفک اہلکاروں کی عدم موجودگی کی شکایات بھی سامنے آ رہی ہیں اہم شاہراہوں جن میں سمندری روڈ، سمن آباد روڈ، ستیانہ روڈ، جڑانوالہ روڈ، کینال روڈ، سرگودھا روڈ، ڈجکوٹ روڈ، جھنگ روڈ، راجباہ روڈ، وارث پورہ روڈ اور نڑوالا روڈ شامل ہیں، پر مبینہ طور پر ریڑھی مافیا اور تجاوزات کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو رہی ہے ۔

ذرائع کا کہنا ہے تجاوزات کے خاتمے اور ٹریفک کی بہتری کے لیے مؤثر کارروائی نہ ہونے کے باعث صورتحال دن بدن خراب ہوتی جا رہی ہے جبکہ شہریوں کی جانب سے یہ شکایات بھی کی جا رہی ہیں کہ عملی اقدامات کے بجائے چالان مہم پر زیادہ توجہ دی جا رہی ہے ۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے تجاوزات کا فوری خاتمہ کیا جائے اور ٹریفک پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات میں کمی لائی جا سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں