وہاڑی میں جدید کسٹمر فیسیلی ٹیشن سنٹر کا افتتاح

وہاڑی میں جدید کسٹمر فیسیلی ٹیشن سنٹر کا افتتاح

ملتان (خصوصی رپورٹر) ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) نے وہاڑی سرکل میں بجلی صارفین کے لیے جدید کسٹمر فیسیلی ٹیشن سنٹر کا افتتاح کر دیا۔

رکن قومی اسمبلی سید ساجد مہدی سلیم شاہ، رکن صوبائی اسمبلی میاں محمد ثاقب خورشید، چودھری یوسف کسیلیہ اور سپرنٹنڈنگ انجینئر ملک وسیم اختر نے تقریب میں فیتہ کاٹ کر سنٹر کا افتتاح کیا۔مقررین نے کہا کہ وزیر اعظم کے ڈیجیٹائزیشن ویژن کے تحت سرکاری اداروں کو آن لائن اور عوام دوست بنایا جا رہا ہے ۔ اسی سلسلے میں میپکو نے سنٹر قائم کیا ہے جہاں صارفین بجلی کے تمام امور ایک ہی چھت تلے حاصل کر سکیں گے ۔ صارفین اب گھر بیٹھے شکایات درج کرا سکتے ہیں اور نگرانی بھی خود کر سکتے ہیں، جس سے دفاتر کے غیر ضروری چکر اور وقت کی بچت ممکن ہوگی۔سپرنٹنڈنگ انجینئر ملک وسیم اختر نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سنٹر میں بجلی کے بلوں کی درستگی، نئے کنکشنز، میٹر کی تبدیلی، لوڈ میں اضافہ یا کمی، بجلی کی بندش، کم وولٹیج اور دیگر شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے گا۔چیئرمین میپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز انجینئر عامر ضیاء کے ٹاسک کے تحت چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر گل محمد زاہد کی سربراہی میں ٹیم فعال ہے ۔ سنٹر میں بااخلاق عملہ 24/7 دستیاب ہوگا اور آن لائن نظام کے ذریعے فوری رسپانس فراہم کیا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں