سہولیات کی فراہمی کیلئے حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ‘وزیرِ مملکت
سہولیات کی فراہمی کیلئے حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ‘وزیرِ مملکت تحصیل ہسپتالوں میں میڈیکل سٹاف کی کمی کو پورا کرنا اولین ترجیح ، مختار احمد بھرتھ
بھیرہ(نامہ نگار )وزیرِ مملکت برائے صحت ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ نے کہا ہے کہ عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے اور تحصیل ہسپتالوں میں میڈیکل اسٹاف کی کمی کو پورا کرنا اولین ترجیح ہے ۔ وہ بھرتھ ہاؤس میں بھیرہ پریس کلب رجسٹرڈ کے ارکان سے گفتگو کر رہے تھے ۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت ضلع سرگودھا کے 8تحصیل ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی کمی پوری کرنے کیلئے سیکرٹری ہیلتھ پنجاب نادیہ ثاقب نے 47نئے میڈیکل افسران کی تعیناتی کے احکامات جاری کیے ہیں۔ اس سلسلے میں کمشنر سرگودھا حافظ شوکت علی اور ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری کی کاوشیں بھی قابلِ تحسین ہیں۔تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال بھلوال اور ساہیوال میں 8،8 جبکہ شاہ پور، سلانوالی اور کوٹ مومن میں 7،7 نئے ڈاکٹرز تعینات کیے گئے ہیں۔ اسی طرح تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال بھیرہ اور 90ایس بی میں 4،4 جبکہ 46ایس بی میں 2نئے ڈاکٹرز کا تقرر کیا گیا ہے ۔ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ نے کہا کہ وہ اور ان کے بھائی صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ علاقہ کے عوام کو سہولیات کی فراہمی اور مسائل کے حل کے لیے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں اور عوامی خدمت کا یہ سلسلہ بلا تفریق جاری رہے گا۔