قومی ایکشن پلان پر ازسرنو عمل کیا جائے : جماعت اسلامی

قومی ایکشن پلان پر ازسرنو عمل کیا جائے : جماعت اسلامی

مٹھی بھر دہشت گرد گروہ حکومت پر بھاری ہو چکے ہیں :محبوب الزماں و دیگر رہنما

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)جماعت اسلامی پاکستان کے رہنماؤں پروفیسر محبوب الزماں بٹ، میاں طاہر ایوب، میاں انوارالحق اور شیخ افضال شاہین نے بنوں میں دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں لیفٹیننٹ کرنل اور ایک سپاہی کی شہادت کو انتہائی افسوسناک اور دلخراش واقعہ قرار دیا ہے ۔اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ مٹھی بھر دہشت گرد گروہ حکومت پر بھاری ہو چکے ہیں اور یہ عناصر امن اور انسانیت کے دشمن ہیں جو پاکستان کے امن کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بیگناہوں کی شہادتیں پوری قوم کے لیے لمحہ فکریہ اور وفاقی و صوبائی سکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں۔رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ دہشت گردی کے اس حملے کی ہر پہلو سے شفاف تحقیقات کر کے حقائق منظر عام پر لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی حالیہ لہر حکومت اور سکیورٹی اداروں کے لیے سنجیدہ چیلنج ہے جبکہ مناسب سکیورٹی انتظامات نہ ہونا تشویشناک امر ہے ۔انہوں نے زور دیا کہ دہشت گردی کے خاتمے ، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور قومی سلامتی کے لیے قومی اتفاق رائے کے ساتھ ازسرنو قومی ایکشن پلان ترتیب دیا جائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی، اقتصادی استحکام اور امن و امان کے قیام کے لیے قومی مکالمہ ناگزیر ہے اور سیاسی بحران کا حل سیاسی طریقے سے تلاش کیا جانا چاہیے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں