شورکوٹ:رمضان بازار شہریوں کی توقعات پر پورا نہ اتر سکے
خریداروں کی تعداد نہ ہونے کے برابر ،چینی کا سٹال نہ ہونے پر لو گوں کی تشویش
شورکوٹ (نمائندہ دنیا )حکومت کی جانب سے قائم کیے گئے رمضان بازار شہریوں کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام دکھائی دے رہے ہیں۔ بازار میں کریانہ، سبزی، فروٹ، گوشت اور دیگر اشیائے خوردونوش کے متعدد سٹالز قائم کیے گئے ، تاہم خریداروں کی تعداد نہ ہونے کے برابر رہی۔شہریوں کا کہنا ہے کہ رمضان بازار بظاہر اچھا اقدام ہے ، لیکن یہاں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں عام بازاروں کے مقابلے میں کوئی خاص کم نہیں، جس کے باعث انہیں خاطر خواہ ریلیف محسوس نہیں ہو رہا۔ بعض شہریوں نے نشاندہی کی کہ بازار میں چینی کا سٹال قائم نہیں کیا گیا، جس پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔مقامی افراد کے مطابق چند اشیا کی قیمتوں میں مزید کمی کی جائے تو شہری دوبارہ رمضان بازار کا رخ کر سکتے ہیں۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرنے کے لیے قیمتوں کا ازسرنو جائزہ لیا جائے اور اشیائے ضروریہ مزید سستے داموں فراہم کیے جائیں۔