6واں بین الاقوامی طلبہ کنونشن و ایکسپو مئی 2026 میں ہو گا
کنونشن ثقافتی تبادلے ، باہمی روابط اور سیکھنے کے مواقع فراہم کرتا ہے :ڈاکٹر رؤف
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)6واں بین الاقوامی طلبہ کنونشن اور ایکسپو 4 تا 6 مئی 2026 کو قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے اشتراک سے اسلام آباد اور فیصل آباد میں منعقد ہوگا۔وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم نے کہا کہ یہ کنونشن نوجوانوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر ثقافتی تبادلے ، باہمی روابط اور سیکھنے کے مواقع فراہم کرتا ہے ۔ اس نوعیت کے پروگرام تعلیمی تعاون کو فروغ دینے اور عالمی سطح پر مثبت روابط استوار کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔کنونشن میں ملک بھر اور بیرونِ ملک سے ہزاروں طلبہ، جامعات، ماہرین تعلیم اور صنعتی ادارے شرکت کریں گے ۔
اس پروگرام میں 150 سے زائد جامعات اور صنعتی اداروں کی شرکت متوقع ہے جبکہ 30 ہزار سے زائد طلبہ کی آمد کی توقع ہے ۔ تین روزہ پروگرام میں طلبہ و طالبات کے لیے مقابلہ جات، جدت پر مبنی منصوبہ جات، صنعتی اسٹالز، تعلیمی نمائش، ثقافتی سرگرمیاں اور مختلف کھیلوں کے مقابلے شامل ہوں گے ۔ نمائش میں لائلپور انڈسٹریل پویلین کے ساتھ تعلیمی، سیاحتی اور سفارتی پویلین بھی قائم کیے جائیں گے ۔اس کے علاوہ کھیلوں کی سرگرمیوں کے سلسلے میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد میں 5 تا 15 مئی 2026 بین الاقوامی ہینڈ بال ریفریز تربیتی اسناد کورس منعقد ہوگا، جس میں مختلف ممالک کے شرکاء حصہ لیں گے ۔ بعد ازاں 17 تا 22 مئی 2026 سنٹرل ایشیا ہینڈ بال ٹورنامنٹ کا انعقاد بھی اسی جامعہ میں ہوگا، جس میں قومی و بین الاقوامی ٹیمیں شرکت کریں گی۔