سیکرٹری تعلیمی بورڈ پر مالی بے ظابطگیوں کا الزام لاکھوں ہڑپ کرنے کی شکایت چئیرمین کو ارسال

سیکرٹری تعلیمی بورڈ پر مالی بے ظابطگیوں کا الزام لاکھوں ہڑپ کرنے کی شکایت چئیرمین کو ارسال

علی رضا کی جانب سے اضافی ڈیوٹی پر ما مور ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر حبیب الرحمٰن کے خلاف درخواست دائر ، رشوت دینے کا بھی الزام

فیصل آباد (نیوز رپورٹر) تعلیمی بورڈ کے سیکرٹری کی مبینہ مالی بے ضابطگیوں کے خلاف چیئرمین کو دی گئی ایک تحریری شکایت میں لاکھوں روپے ہڑپ کیے جانے کا الزام عائد کیا گیا ہے ۔ درخواست عثمان غنی ٹاؤن غلام محمد آباد کے رہائشی علی رضا قریشی کی جانب سے سیکرٹری ایجوکیشن بورڈ کی اضافی ڈیوٹی پر ما مور ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر حبیب الرحمٰن کے خلاف دائر کی گئی ہے ۔درخواست کے مطابق مذکورہ افسر نے مبینہ طور پر ٹریول اور ہوٹل رہائش کی مد میں لاکھوں روپے ہڑپ کیے ۔ الزام ہے کہ انہوں نے کراچی کے سرکاری دورے کے لیے ہوائی سفر کیا، تاہم کاغذات میں سرکاری گاڑی کے ذریعے بائی روڈ سفر ظاہر کیا گیا۔ اس طرح جعلی ٹال پلازہ پرچیاں، پٹرول اور ہوٹل رہائش کے مبینہ بوگس بلز اور میٹنگز کے ٹی اے ڈی اے کی مد میں لاکھوں روپے حاصل کیے گئے ۔درخواست گزار کی جانب سے پنجاب ٹرانسپرنسی اینڈ رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ 2013 کے تحت سیکرٹری بورڈ کے دورہ کراچی کے دوران ہونے والے مالی اخراجات کی تفصیلات فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے ۔مزید الزام عائد کیا گیا ہے کہ مذکورہ افسر نے سیکرٹری تعلیمی بورڈ کا اضافی چارج اور ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز کی نشست بھی مبینہ طور پر رشوت دے کر حاصل کی، جبکہ ہائر ایجوکیشن کمیشن تک اثر و رسوخ کے باعث مبینہ کرپشن کی صورت میں فائلیں بھی دبا دی جاتی ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں