قبضہ شدہ چھپڑ فوری طور پر واگزار کروائے جائیں:عوا می حلقے

قبضہ شدہ چھپڑ فوری طور پر واگزار کروائے جائیں:عوا می حلقے

کسی علاقے میں سرکاری چھپڑ پر قبضہ ثابت ہوا تو متعلقہ پٹواری معطل ہوگا

بلوچنی(نمائندہ دنیا )بلوچنی اور کھرڑیانوالہ و گردونواح کے عوامی سماجی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے دیہات میں روایتی چھپڑوں (پانی کے تالاب) کی بحالی کے فیصلے کو سراہا اور مطالبہ کیا کہ قبضہ شدہ چھپڑ فوری طور پر واگزار کروائے جائیں۔ حکومت پنجاب نے صوبے بھر کے دیہی علاقوں میں چھپڑوں کے سروے کا عمل شروع کر دیا ہے تاکہ غیر قانونی قبضہ کرنے والوں کی نشاندہی کر کے سخت قانونی کارروائی کی جا سکے ۔ ہدایات کے مطابق اگر کسی علاقے میں سرکاری چھپڑ پر قبضہ ثابت ہوا تو متعلقہ پٹواری کو معطل کیا جائے گا اور قبضہ کرنے والے افراد کو قانونی کارروائی کے بعد جیل بھیجا جائے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ چھپڑوں کی بحالی سے دیہی علاقوں میں پانی کے مسائل کم ہوں گے ، ماحولیات بہتر ہوں گی اور مویشیوں کے لیے پانی کی دستیابی آسان ہوگی۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سرکاری زمینوں اور چھپڑوں پر قبضے کی اطلاع دیں تاکہ فوری کارروائی کی جا سکے ۔عوامی سماجی حلقوں نے وزیر اعلیٰ اور متعلقہ حکام سے پرزور مطالبہ کیا بلوچنی و کھرڑیانوالہ کے سرکاری چھپڑوں سے ناجائز قابضین کا قبضہ ختم کر کے انہیں رفاہ عامہ کے لیے استعمال میں لایا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں