رمضان نگہبان پیکیج کے سہولت سنٹرز پر مبینہ بے ضابطگیاں
مستحق خواتین اور شہریوں سے دو، دو ہزار روپے فیس وصول کی جا رہی ہے
پینسرہ (نمائندہ دنیا )فیصل آباد کے نواحی علاقوں میں حکومت کے رمضان نگہبان پیکیج کے حصول کے لیے قائم سہولت سنٹرز پر مبینہ بے ضابطگیاں سامنے آ گئی ہیں۔چک نمبر 245 عباس پور، 75 ج ب، 74 ج ب ٹھیکری والا ایئرپورٹ چوک، سدھار، 68 ج ب، 64 ج ب اور جھنگ روڈ کے گردونواح میں قائم مراکز پر مستحق خواتین اور شہریوں سے دو، دو ہزار روپے فیس وصول کی جا رہی ہے ، جس پر شہری سراپا احتجاج ہیں۔
متاثرہ افراد کا کہنا ہے کہ حکومتی امداد مفت ہونی چاہیے ، لیکن سہولت سنٹرز پر غیر قانونی فیس وصول کی جا رہی ہے ۔ سہولت سینٹر مالکان کا مؤقف ہے کہ انہوں نے لاکھوں روپے خرچ کر کے ڈیوائسز اور انتظامات کیے ہیں، اس لیے فیس لینا ان کا حق ہے ۔شہریوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لے کر شفاف طریقہ کار یقینی بنایا جائے اور غیر قانونی کٹوتی کرنے والے سہولت سنٹرز کی ڈیوائسز منسوخ کی جائیں تاکہ عوام کو بلا روک ٹوک امداد فراہم کی جا سکے ۔