مون سون سے قبل سیوریج لائنوں کی صفائی مکمل کا حکم

مون سون سے قبل سیوریج لائنوں کی صفائی مکمل کا حکم

سیوریج لائنوں کی ڈی سلٹنگ کے لئے جدید مشینری استعمال کی جا رہی :ثاقب رضا

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے جدید مشینری کے ذریعے سیوریج لائنوں کی ڈی سلٹنگ مہم میں تیزی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ موسم برسات سے قبل شہر کی تمام سیوریج لائنوں کی صفائی مکمل کی جائے تاکہ مون سون سیزن میں نکاسی آب کی معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں سیوریج لائنوں کی ڈی سلٹنگ کے لئے جدید مشینری استعمال کی جا رہی ہے ، جس میں بکٹ مشینیں اور ونچ مشینیں شامل ہیں، جبکہ مکینیکل ڈی سلٹنگ کے عمل کو تیز کیا گیا ہے تاکہ یہ مرحلہ آئندہ ماہ تک مکمل ہو سکے۔

ایم ڈی واسا کا کہنا تھا کہ سیوریج لائنوں کی صفائی کے ساتھ ساتھ ٹرنک سیور لائنوں کی صفائی کے لئے بھی باقاعدہ شیڈول مرتب کر لیا گیا ہے اور اس پر عمل درآمد کی ہدایت کر دی گئی ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ شہر کے پونڈنگ پوائنٹس سے پانی کے فوری اخراج کے لئے ڈی واٹرنگ سیٹس بھی واسا کے فلیٹ میں شامل کر دیئے گئے ہیں جس سے نکاسی آب کے نظام میں مزید بہتری آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو نکاسی آب کی معیاری سہولیات فراہم کرنا واسا کی اولین ترجیح ہے ، جس کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں جبکہ آپریشن سٹاف کو ڈیوٹیاں تفویض کر کے تمام مشینری کو فعال کر دیا گیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں