پنجاب لینڈ ریونیو ترمیمی آرڈیننس پر عملدرآمد تیز کرنے کی ہدایت

پنجاب لینڈ ریونیو ترمیمی آرڈیننس پر عملدرآمد تیز کرنے کی ہدایت

ریکارڈ کی درستگی سے متعلق معاملات اب چند مہینوں میں حل ہوں گے :کمشنر

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق پنجاب لینڈ ریونیو (ترمیمی) آرڈیننس 2026ء پر عملدرآمد کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنرز ریونیو، کوآرڈینیشن اور کنسالیڈیشن بھی موجود تھے ۔کمشنر نے بتایا کہ پنجاب لینڈ ریونیو ترمیمی آرڈیننس کے تحت تقسیم (پارٹیشن)، نشاندہی (ڈی مارکیشن) اور ریکارڈ کی درستگی سے متعلق معاملات اب سالوں کے بجائے چند مہینوں میں حل ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ایڈیشنل کمشنر ریونیو کی سربراہی میں سیل پہلے ہی فعال ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ڈیجیٹل نظام اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ سے اراضی کے معاملات میں شفافیت، کارکردگی اور جوابدہی کو مضبوط بنایا جائے گا تاکہ زمین کے مالکان کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے ۔کمشنر نے تقسیم کے زیر التوا کیسز نمٹانے کے لئے ریونیو افسران کو اہداف بھی تفویض کئے اور ہدایت کی کہ ڈویژن بھر کے ریونیو افسران کو فوری طور پر ترمیمی آرڈیننس سے آگاہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ زیر التواء کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر تیز رفتاری سے نمٹایا جائے جبکہ ریونیو افسران کی کارکردگی کی روزانہ مانیٹرنگ کی جائے گی اور اسے تقسیم کے کیسز کے فیصلوں سے مشروط کیا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں