سمن آباد ہسپتال ، ادویات ، ڈاکٹر ز کم، مریض پریشان

 سمن آباد ہسپتال ، ادویات ، ڈاکٹر ز کم، مریض پریشان

دور دراز علاقوں سے علاج کے لئے آنے والے مریض ڈاکٹرز و عملے کی عدم دستیابی کی وجہ سے بغیر علاج مایوس واپس لوٹنے لگے ، حکا م فوری نوٹس لیں :شہری

فیصل آباد(سٹی رپورٹر)شہریوں کو طبی سہولیات اور مفت علاج معالجہ کی فراہمی کے لئے سمن آباد میں قائم گورنمنٹ جنرل ہسپتال انتظامی غفلت کے باعث مسائل کا شکار ہو گیا۔ دور دراز علاقوں سے علاج کے لئے آنے والے مریض اور ان کے لواحقین ڈاکٹرز و عملے کی عدم دستیابی، ادویات کے فقدان اور دیگر سہولیات نہ ہونے پر بغیر علاج مایوس واپس لوٹنے لگے ۔فیصل آباد کے علاقے سمن آباد میں پنجاب حکومت کی جانب سے علاقہ مکینوں کو طبی سہولیات اور مفت علاج معالجہ کی فراہمی کے لئے 250 بیڈز پر مشتمل گورنمنٹ جنرل ہسپتال قائم کیا گیا تھا۔

ابتدائی دنوں میں ہسپتال میں بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا رہی تھیں اور مریضوں کو مناسب علاج میسر تھا، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ سہولیات میں کمی آتی گئی اور مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑنے لگا۔ذرائع کے مطابق موجودہ انتظامیہ کے دور میں ہسپتال میں طویل عرصے سے ادویات، ڈاکٹرز، طبی عملے اور دیگر بنیادی سہولیات کی کمی دیکھنے میں آ رہی ہے ۔ دوران ڈیوٹی ڈاکٹرز اور عملے کی غیر حاضری بھی معمول بن چکی ہے جس کے باعث مریض ڈاکٹرز کی تلاش میں پریشان پھرتے دکھائی دیتے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز مریضوں کو چیک اپ کے بعد نسخہ تو لکھ دیتے ہیں لیکن ہسپتال کی ڈسپنسری میں چند ادویات کے علاوہ بیشتر دوائیں دستیاب نہیں ہوتیں۔

جس کے باعث مریضوں کو مہنگی ادویات بازار سے خریدنے کا مشورہ دے کر واپس بھیج دیا جاتا ہے ۔متاثرہ مریضوں اور ان کے لواحقین نے متعدد بار متعلقہ حکام کو شکایات بھی درج کروائیں، تاہم انتظامیہ مسائل کے حل اور بہتر طبی سہولیات کی فراہمی میں مبینہ طور پر سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہی۔ شہریوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ہسپتال میں ڈاکٹرز اور عملے کی حاضری یقینی بنانے کے ساتھ ادویات اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے لئے فوری عملی اقدامات کئے جائیں تاکہ مریضوں کو بہتر علاج معالجہ میسر آ سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں