پیرمحل:پرائس کنٹرول مجسٹریٹ پر دکانداروں کا حملہ، مقدمہ
فاطمہ سلیم چکن شاپ کا معائنہ کرنے گئیں،تجاوزات پر تلخ کلامی ہو گئی
پیرمحل (نمائندہ دنیا )پیرمحل میں ناجائز تجاوزات ختم کرنے اور پرائس ریٹ چیک کرنے پر دکان داروں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹ اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی فاطمہ سلیم پر حملہ کر دیا، تاہم وہ بال بال محفوظ رہیں۔پرائس کنٹرول مجسٹریٹ فاطمہ سلیم عوامی شکایات کی بنیاد پر شفقت رسول ولد غلام نبی کی چکن شاپ کا معائنہ کرنے گئیں۔ دکان میں سامان کاؤنٹر کے باہر رکھا ہوا تھا، جس پر تجاوزات ختم کرنے اور پرائس ریٹ پر تلخ کلامی ہوئی۔ اس دوران شفقت رسول اپنے ساتھیوں خضر حیات، رانا عمر حیات اور تین نامعلوم افراد کے ہمراہ مجسٹریٹ پر حملہ کر بیٹھے ۔پولیس نے تین حملہ آور خضر حیات، رانا عمر حیات اور شفقت رسول کو گرفتار کر کے انہیں زیر دفعہ 506/86ت پ کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔ انتظامیہ کی جانب سے دکان کو سیل کر دیا گیا ہے ۔