کمالیہ: رمضان کے آخری عشرے میں بھکاریوں کی یلغار
بازاروں، چوکوں اور مارکیٹوں میں راہگیروں اور خریداروں کا گزرنا بھی مشکل
کمالیہ (نمائندہ دنیا )رمضان المبارک کے آخری عشرے میں کمالیہ شہر کے مصروف بازاروں میں بھکاریوں کی بڑھتی ہوئی تعداد نے شہریوں اور دکانداروں کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے ۔ مختلف بازاروں، چوکوں اور مارکیٹوں میں بھکاریوں کی بھرمار کے باعث راہگیروں اور خریداروں کا گزرنا بھی مشکل ہو گیا ہے ۔شہریوں کے مطابق بھکاری صبح سے رات تک بازاروں میں موجود رہتے ہیں اور گاہکوں کے پیچھے لگ کر پیسے مانگتے ہیں، جس سے نہ صرف خریداروں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ بازاروں کا ماحول بھی متاثر ہوتا ہے ۔ بعض بھکاری خواتین بچوں کو ساتھ لے کر دکانوں اور گلیوں میں بھیک مانگتی ہیں۔
جبکہ کم عمر بچے بھی بھیک مانگتے نظر آتے ہیں۔دکانداروں نے بتایا کہ بھکاری دکانوں کے سامنے کھڑے ہو کر گاہکوں کو تنگ کرتے ہیں، جس سے خریدار بددل ہو کر واپس چلے جاتے ہیں اور کاروبار متاثر ہوتا ہے ۔ کئی مرتبہ منع کرنے کے باوجود بھکاری باز نہیں آتے اور دوبارہ دکانوں کے باہر آ جاتے ہیں۔شہریوں اور تاجروں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے اور بازاروں میں بھکاریوں کی بھرمار کو روکا جائے تاکہ شہری سکون کے ساتھ خریداری کر سکیں اور بازاروں کا ماحول بہتر بنایا جا سکے ۔