ازبک وفد کی لاہور آمد، زرعی و تجارتی تعاون بڑھانے پر گفتگو

ازبک وفد کی لاہور آمد، زرعی و تجارتی تعاون بڑھانے پر گفتگو

کپاس، گندم، مکئی، چاول، کماد، آلو، کنو اور آم پنجاب کی اہم فصلیں ہیں :سیکرٹری زراعت

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)تاشقند ریجن کے گورنر کی قیادت میں ازبکستان کے اعلیٰ سطحی وفد کی لاہور آمد ہوئی جہاں سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو اور سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب احمد عزیز تارڑ سے اہم ملاقات کی گئی۔ملاقات میں ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن محکمہ زراعت پنجاب نوید عصمت کاہلوں اور کنسلٹنٹ محکمہ زراعت پنجاب ڈاکٹر محمد انجم علی سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ وفد کے دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانا تھا۔اس موقع پر زرعی اجناس اور ڈیری مصنوعات کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔ سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے بتایا کہ ملکی زرعی پیداوار میں پنجاب کا حصہ 70 فیصد سے زائد ہے۔

انہوں نے کہا کہ کپاس، گندم، مکئی، چاول، کماد، آلو، کنو اور آم پنجاب کی اہم فصلیں ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ ماہ ازبکستان کے صدر نے پاکستان کا دورہ کیا تھا اور اس موقع پر پاکستان سے تین لاکھ ٹن آلو درآمد کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا تھا۔ افتخار علی سہو نے کہا کہ زرعی تحقیق کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب احمد عزیز تارڑ نے کہا کہ پنجاب ملک کی مجموعی دودھ پیداوار کا تقریباً 62 فیصد پیدا کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حلال گوشت اور پولٹری مصنوعات کی ازبکستان کو برآمدات میں اضافے کے امکانات موجود ہیں۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں